حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی نے مفتی راغب حسین نعیمی کا اپنے مرکزی دفتر میں خیر مقدم کیا اور ان کی آمد پر مسرت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مرجع عالی قدر نے گفتگو کرتے ہوئے امت مسلمہ کو محبتِ محمد و آل محمد علیہم السلام کو اپنا شعار بنانے کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود بھی اپنے اہل بیت علیہم السلام سے گہری محبت فرمایا کرتے تھے اور امت مسلمہ کو بھی اہل بیت علیہم السلام سے وابستہ رہنے اور ان سے تمسک اختیار کرنے کی تاکید فرمائی۔

حضرت آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی نے اس امر کی اہمیت پر زور دیا کہ امت مسلمہ قرآن کریم اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات سے وابستہ رہتے ہوئے اپنی دینی و اجتماعی زندگی کو استوار کرے کیونکہ اہل بیت علیہم السلام کی محبت اور ان کی سیرت پر عمل اسلامی تعلیمات کا اہم حصہ ہے۔
ملاقات کے دوران عالم اسلام میں باہمی اخوت، دینی اقدار کے تحفظ اور امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے چیئرمین مفتی راغب حسین نعیمی نے اس موقع پر مرجع عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی کا قیمتی وقت دینے اور پرتپاک استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور ان کی دینی و علمی خدمات کو سراہا۔









آپ کا تبصرہ